پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) 2026 کے ڈرافٹ میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب کے دوران پہلی مجموعی پک کے طور پر قندھار واریئرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کرلیا ہے، جس کے تحت انہیں ایک لاکھ ڈالر معاوضہ ملے گا۔
وہ ٹیم میں افغانستان کے محمد نبی، انگلینڈ کے جو کلارک اور جنوبی افریقا کے ڈیوائن پریٹوریئس کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
محمد عامر نے رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی اور انہوں نے اس ٹورنامنٹ کے لیے برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی تھی، تاہم ڈرافٹ کی فہرست میں ان کی رہائش پاکستان درج ہے۔
برطانوی شہری ہونے کے باعث امکان ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جبکہ دوسری جانب سفارتی کشیدگی کی وجہ سے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کو پی سی بی کی طرف سے این او سی ملنے کے امکانات کم ہیں۔
34 سالہ فاسٹ بولر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ جون 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اور اس کے بعد وہ ریٹائر ہوگئے تھے۔