چین کے صوبہ ہینان میں واقع باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام کے شیشے سے بنے مشاہداتی پلیٹ فارم پر ایک نوعمر لڑکے کی جانب سے چھتری کی نوک لگنے سے شیشے کی اوپری حفاظتی تہہ میں دراڑ پڑ گئی، جس کے بعد انتظامیہ نے احتیاطاً تمام سیاحوں کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پلیٹ فارم تین تہوں پر مشتمل حفاظتی شیشے سے تیار کیا گیا ہے اور نقصان صرف اوپری تہہ تک محدود رہا، جبکہ نیچے کی دونوں مضبوط تہیں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس واقعے سے پلیٹ فارم کی مضبوطی یا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متاثرہ شیشے کے پینل کی تبدیلی کے لیے نیا پینل منگوایا جا رہا ہے، جبکہ سیاحوں کو شیشے کی سطح پر نوک دار اشیا استعمال نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام کو 2024 میں چین کا اعلیٰ ترین 5A سیاحتی درجہ دیا گیا تھا۔