پولینڈ کے مختلف شہروں میں قائم کیے گئے تقریباً 1600 پبلک ریفریجریٹرز میں ہر شخص کے لیے مفت کھانا دستیاب ہوتا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد خوراک کے ضیاع کو کم کرنا اور ایسے افراد تک کھانا پہنچانا ہے جو کسی وجہ سے مدد مانگنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔
اس منصوبے کے روحِ رواں ٹیک اینڈ ہیلپ فاؤنڈیشن کے یان پیونٹیک کا کہنا ہے کہ "ہم بہت زیادہ کھانا ضائع کرتے ہیں، جبکہ بہت سے لوگ ضرورت کے باوجود مدد مانگنے میں شرم محسوس کرتے ہیں۔ اسی لیے یہ ریفریجریٹرز ضرورت مند افراد تک عزت کے ساتھ کھانا پہنچانے کا ایک آسان ذریعہ ہیں۔"
یان پیونٹیک نے ابتدا میں اپنے شہر میں ضرورت مندوں کے لیے یہ پبلک ریفریجریٹرز رکھوانے کا آغاز کیا تھا۔ صرف وورٹ سواف شہر میں اس وقت ایسے 20 ریفریجریٹرز موجود ہیں، جن میں کھانا سپر مارکیٹس اور عام شہریوں کی جانب سے رکھا جاتا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پولینڈ کے لوگ کھانا ضائع کرنے کے بجائے اسے ان ریفریجریٹرز میں رکھ دیتے ہیں تاکہ ضرورت مند افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یان پیونٹیک کے مطابق یہ سہولت صرف ضرورت مند افراد تک محدود نہیں بلکہ اسکول کے بچے بھی یہاں آکر کھانا لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ "کبھی کوئی شخص یہاں بسکٹ رکھ جاتا ہے اور اس کے بدلے سینڈوچ لے لیتا ہے۔ ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے کا یہی جذبہ اس منصوبے کو منفرد بناتا ہے۔"