پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کی ہائی پرفارمنس کوچنگ ٹیم کے تقرر کا اعلان کر دیا۔
پی ایچ ایف کے مطابق ڈچ کوچ ہرمن کروئس کو اوور آل نیشنل ہاکی کوچنگ ایڈوائزر اور ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیوڈ ڈوائر فٹنس و ہائی پرفارمنس کوچ، عدنان ذاکر جونیئر ٹیلنٹ آئیڈنٹی فکیشن کوچ، باب جوہان ویلڈہوف گول کیپنگ کوچ اور کرس بوون اسپورٹس سائیکالوجسٹ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ کنٹریکٹ کی کارروائی مکمل ہوتے ہی یہ ماہرین قومی کوچنگ نیٹ ورک میں شامل ہو جائیں گے۔
پی ایچ ایف کے مطابق یہ کوچنگ ٹیم سینئر، جونیئر، انڈر 18، یوتھ اور ویمنز ہاکی ٹیموں کے ساتھ کام کرے گی، جبکہ جدید کوچنگ، اسپورٹس سائنس، فٹنس، ذہنی تربیت اور نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے عالمی معیار کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ مقامی کوچز کی تربیت، ورکشاپس اور کوچنگ ایجوکیشن پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے تاکہ ایک مضبوط اور خود کفیل قومی کوچنگ ڈھانچہ قائم کیا جا سکے۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ یہ تقرریاں پاکستان ہاکی میں ایک نئے دور کا آغاز ہیں اور فیڈریشن کا مقصد بین الاقوامی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو دوبارہ دنیا کی صفِ اول کی ہاکی ٹیموں میں شامل کرنا ہے۔