فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیپ ورڈی کو اضافی وقت میں 3-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ کے 29ویں منٹ میں لیونل میسی نے ٹورنامنٹ کا اپنا ساتواں گول کر کے ارجنٹینا کو برتری دلائی، تاہم 59ویں منٹ میں ڈوآرٹے نے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں مزید گول نہ کر سکیں، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔
اضافی وقت کے آغاز پر لیسینڈرو مارٹینز نے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلائی، لیکن کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے شاندار گول کر کے اسکور 2-2 کر دیا۔ بعد ازاں اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کیپ ورڈی کے ڈنی بورگس کی بدقسمت اون گول نے ارجنٹینا کو فیصلہ کن برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں 7 جولائی کو اس کا مقابلہ مصر سے ہوگا۔ فٹبال شائقین کو اس میچ میں دنیا کے دو بڑے اسٹارز، لیونل میسی اور محمد صلاح، کے درمیان دلچسپ مقابلے کا انتظار ہے۔