پی سی بی اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان اہم معاہدہ

image

پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان ایک اہم ترین معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت یونیورسٹی اپنے کیمپس میں ہائی پرفارمنس سنٹر کے لیے پی سی بی کو کرکٹ گراؤنڈ کی جگہ فراہم کرے گی۔ 25 سالہ مدت کے اس معاہدے کے مطابق کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر پی سی بی خود کرے گا، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کھلاڑیوں اور کوچز کی رہائش کے لیے اپنے ہوسٹل اور میس کی سہولیات بالکل مفت مہیا کرنے کی پابند ہوگی۔

معاہدے کے تحت پی سی بی اس گراؤنڈ میں اعلیٰ معیار کی میچ اور پریکٹس پچز کے علاوہ پویلین بھی تعمیر کرے گا، جبکہ گراؤنڈ کو ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کے مطابق تمام تر جدید سہولیات اور ضروری مشینری فراہم کی جائے گی۔ یونیورسٹی میں قائم ہونے والی اس جدید سہولت سے ایبٹ آباد ریجن کے انڈر 15 سے لے کر فرسٹ کلاس اور اسکول کرکٹ کے کھلاڑی بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے، اور پی سی بی اس گراؤنڈ کو سال بھر ریجنل ٹریننگ کیمپ اور ریجنل اکیڈمی کے لیے بھی استعمال کرے گا۔

اس تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر پی سی بی کے سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شارون اور یونیورسٹی حکام نے دستخط کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسامہ شارون کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایبٹ آباد ریجن کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US