فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ برازیل کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈنے کیے۔ انہوں نے پہلا گول 79ویں اور دوسرا 90ویں منٹ میں اسکور کیا جبکہ برازیل کی جانب سے واحد گول میچ کے اختتامی لمحات میں نیمار نے پنالٹی کک پر کیا۔
شکست کے بعد نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں آبدیدہ ہو گئے۔ بعد ازاں برازیلین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا میں نے پوری کوشش کی یہ سب اسی اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور یہیں اس کا اختتام بھی ہو گیا۔ اب سب ختم ہو چکا ہے۔
34 سالہ نیمار نے برازیل کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ 10 اگست 2010 کو امریکا کے خلاف اسی نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا تھا۔ وہ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام برازیل کے تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر کر رہے ہیں جنہوں نے 80 گول اسکور کیے جو لیجنڈ پیلےکے ریکارڈ سے تین گول زیادہ ہیں۔