فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میکسیکو سٹی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے جوڈ بیلنگھم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے جبکہ کپتان ہیری کین نے ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ میکسیکو کی جانب سے نینس اور جمینیز نے ایک، ایک گول کیا تاہم ان کی ٹیم شکست سے نہ بچ سکی۔
میچ کے دوسرے ہاف کے 54ویں منٹ میں انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب انگلش کھلاڑی کوناش کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا، جس کے بعد انگلینڈ نے بقیہ میچ صرف 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا، لیکن اس کے باوجود برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔
اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ ناروے سے ہوگا۔ ناروے نے اپنے پری کوارٹر فائنل میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا۔