پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ جدید بولنگ مشین بیٹرز کو میچ جیسی پریکٹس فراہم کرے گی جس کے ذریعے وہ حقیقی میچ کی صورتحال میں اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔

بورڈ کے مطابق مشین کی فرنٹ اسکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے جس سے بیٹرز کو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ مشین میں لائن، لینتھ، رفتار، سوئنگ اور گیند کی اونچائی کو بھی ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، اوورز اور اسپیلز محفوظ کر سکتے ہیں جنہیں بعد میں میچ جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اسے استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔ ان کے مطابق روایتی بولنگ مشینوں کے مقابلے میں اس مشین سے بیٹرز بولر کے ایکشن کو دیکھتے ہوئے زیادہ مؤثر انداز میں تیاری کر سکتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ جدید مشین کھلاڑیوں کو جدید کرکٹ کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی کیونکہ اس میں گیند بولر کے ایکشن کے ساتھ آتی ہے جس سے بیٹرز کو حقیقی میچ جیسی ٹائمنگ اور ردعمل کی مشق کرنے کا موقع ملتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US