ڈسپلن، فٹنس اور پرفارمنس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا، بابر اعظم

image

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے 'سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ' شو کی دوسری قسط میں شرکت کی ہے، جہاں انہوں نے اپنی کپتانی، ٹیم کی تیاریوں، مستقبل کے اہداف اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ہمیشہ ان کے لیے ایک بڑا اعزاز رہا ہے اور انہوں نے ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کپتان میں پختگی اور کلیئرٹی آتی ہے، اسی لیے انہوں نے بطور کپتان اپنے سابقہ فیصلوں کا جائزہ لے کر ان سے سیکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ اس بار بہتر پلاننگ اور مثبت سوچ کے ساتھ ٹیم کو لیڈ کر سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم میں ڈسپلن، فٹنس اور پرفارمنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ان کی توجہ انہی تین بنیادی چیزوں پر مرکوز ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کے دباؤ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں سے مسلسل بات چیت کر کے ان کا دباؤ کم کرنے اور انہیں مشکل وقت میں سپورٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کا ریڈ بال کیمپ ٹیم کے لیے بہت اہم رہا، جہاں مشکل کنڈیشنز میں ٹریننگ کے ذریعے کھلاڑیوں کو مضبوط بنایا گیا اور میچ کے دباؤ سمیت مختلف صورتحال سے نمٹنے پر کام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ چیلنجنگ ہوگا لیکن ٹیم اس کے لیے تیار ہے، جبکہ انگلینڈ میں کئی کھلاڑیوں کو کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا جو تجربہ حاصل ہوا ہے وہ بھی ٹیم کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔

اپنی بیٹنگ کے بارے میں بابر اعظم نے بتایا کہ کریز پر ان کی سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے؛ اگر ٹیم کو تیز کھیلنے کی ضرورت ہو تو وہ جارحانہ کھیلتے ہیں اور اگر صورتحال دفاعی بیٹنگ کا تقاضا کرے تو وہ اسی حساب سے اننگز کو آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مثبت تنقید کو ہمیشہ سنتے ہیں اور مفید باتوں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

نوجوان کرکٹرز کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود پر یقین رکھیں اور محنت جاری رکھیں کیونکہ نتائج ایک ہفتے یا ایک ماہ میں نہیں آتے، بلکہ اس کے لیے روزمرہ کی روٹین اور تسلسل بہت اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ فینز کی زیادہ توقعات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور شائقین کی ان امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US