جولائی کے آخری ہفتے میں سنسنی خیز مقابلے، سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کا شیڈول تیار

image

ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیگ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یہ چیمپئن لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے کروائی جا رہی ہے، جس میں انٹرنیشنل اور نیشنل سطح کے نامور کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اجلاس میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار، ڈائریکٹر اسپورٹس لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا ستار، ڈائریکٹر اسپورٹس کینئرڈ کالج ڈاکٹر عمارہ رباب، ڈائریکٹر اسپورٹس پنجاب یونیورسٹی شبیر سرور، ڈائریکٹر اسپورٹس یونیورسٹی آف لاہور محمد عقیل رانا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے بتایا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن کرکٹ لیگ میں مجموعی طور پر 12 مردوں اور 4 خواتین کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ پنجاب بھر سے خواتین کی 4 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی اور ان خواتین ٹیموں کے تمام تر انتظامات اور دیکھ بھال کی ذمہ داری قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار سنبھال رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں خواتین کے کرکٹ مقابلے جولائی کے آخری ہفتے میں منعقد کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے تمام ابتدائی میچز نواب ٹاؤن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ اس تاریخی چیمپئن لیگ کا فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پنجاب حکومت اور محکمہ کھیل اس لیگ کے شاندار اور کامیاب انعقاد کے لیے تمام تر تیاریاں تیزی سے مکمل کررہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US