انٹرنیشنل کرکٹ کونسل 8 سے 11 جولائی تک ایڈنبرا میں ہونے والے اپنے سالانہ اجلاس میں کرکٹ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے اور کئی اہم تجاویز پر بحث کے لیے تیار ہے۔
برطانوی جریدے کے مطابق ان تجاویز میں سب سے اہم ون ڈے کرکٹ کو 50 اوورز سے کم کر کے 40 اوورز تک محدود کرنا ہے، تاکہ مختصر میچوں کے ذریعے شائقین کی دلچسپی اور ٹیلی ویژن ویورشپ کو بڑھایا جاسکے۔ تاہم، یہ تجویز ابھی صرف بحث کے مرحلے میں ہے اور اس سے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ پر اثر پڑنے کا امکان نہیں ہے۔
دیگر بڑی تجاویز میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ہر فارمیٹ کی مخصوص ونڈوز متعارف کروانا شامل ہے، جس کے تحت ون ڈے کرکٹ بنیادی طور پر ون ڈے ورلڈ کپ سے 18 ماہ قبل کھیلی جائے گی۔ اس کے علاوہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) میں توسیع کر کے آئرلینڈ، زمبابوے اور افغانستان کو شامل کرنے کی تجویز ہے، جس سے ٹیموں کی تعداد نو سے بڑھ کر 12 ہوجائے گی۔ آئی سی سی صرف ایک ٹیسٹ میچ کی سیریز کو بھی ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس حاصل کرنے کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہے۔
مزید برآں، دنیا بھر کی مختلف ڈومیسٹک لیگز کی چیمپئن فرینچائز ٹیموں پر مشتمل ایک 'ورلڈ کلب ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ' شروع کرنے اور زیادہ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹس کروانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ برطانوی جریدے کا دعویٰ ہے کہ ان بڑی دور رس تبدیلیاں لانے والی تجاویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)، کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) محتاط رویہ اختیار کرسکتے ہیں۔