قومی وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار نے ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقات کی ہے اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والی 'سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ' کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔
سابق کپتان نے بتایا کہ خواتین کے لیے بھی سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں گرلز اور بوائز دونوں کے مقابلے ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی سے خواتین کرکٹ کے فروغ کا نیا دور شروع ہوگا اور پنجاب حکومت خواتین کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔
ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے لیے بہترین انتظامات کر رہے ہیں اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس چیمپئن لیگ کے لیے بہترین ٹیمیں بنائی جا رہی ہیں جس سے نئے اور ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ ان کے مطابق یہ لیگ ملک میں خواتین کرکٹ کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔