فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کے بعد ریفری کے متنازع فیصلے تنازع کا باعث بن گئے جس پر مصری فٹبال فیڈریشن نے فیفا میں باضابطہ احتجاج جمع کرا دیا۔
رپورٹس کے مطابق مصر نے میچ میں 2-0 کی برتری حاصل کی تھی تاہم ارجنٹینا نے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔ مصری فٹبال حکام کا مؤقف ہے کہ ان کا ایک گول وی اے آر جائزے کے بعد مسترد کیا گیا جبکہ ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول سے قبل پنالٹی کی اپیل کو بھی نظر انداز کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصری فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ہانی ابو ریدہ نے فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر اور ان کی آفیشل ٹیم کے خلاف فیفا میں شکایت درج کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور متعلقہ آفیشلز کو ٹورنامنٹ کے باقی میچز سے ہٹا دیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق فیفا کے ریفریز ڈیپارٹمنٹ کے حکام اب ریفری کی کارکردگی، میچ رپورٹس اور متنازع ویڈیو مناظر کا جائزہ لیں گے جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ فرانسوا لیٹیکسیئر ورلڈ کپ میں مزید فرائض انجام دیں گے یا نہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی رکن ملک یا فٹبال ایسوسی ایشن کو ریفری کی تقرری پر ویٹو کا اختیار حاصل نہیں کیونکہ یہ اختیار صرف فیفا ریفریز کمیٹی کے پاس ہوتا ہے۔ تاہم ماضی میں بھی ورلڈ کپ کے دوران ریفریز کے فیصلوں پر اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں۔