اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں کھیلے جانے والے کامن ویلتھ گیمز کے لیے پاکستان کے 36 رکنی دستے کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں کھلاڑی اور آفیشلز شامل ہیں۔
میجر جنرل عادل رحمانی دستے کے چیف ڈی مشن ہوں گے جبکہ پاکستانی کھلاڑی باکسنگ، اتھلیٹکس، سوئمنگ، جمناسٹکس، جوڈو اور لان بال کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
اتھلیٹکس میں ارشد ندیم، فائقہ ریاض، انصر عباس، محمد اختر، محمد اسماعیل، محمد یاسر اور نورین حسین پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ باکسنگ کے مقابلوں کے لیے افضل خان، فاطمہ زہرا، ملائیکہ زاہد، قدرت اللہ اور ثمامہ رحمان کا انتخاب کیا گیا ہے۔
سوئمنگ میں حمزہ آصف، حریم ملک، جہاں آراء نبی اور محمد احمد درانی جبکہ لان بال میں مقصود، وسیم خان اور محمد ایوب قریشی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ جمناسٹک میں شہزاد علی اور جوڈو میں شاہ حسین پاکستان کی طرف سے میدان میں اتریں گے۔
کامن ویلتھ گیمز 23 جولائی سے 2 اگست تک گلاسگو میں کھیلے جائیں گے۔