اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، جس کے سلسلے میں لاہور ڈویژن کے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔ ان ٹرائلز میں 200 سے زائد کرکٹرز نے حصہ لیا، جبکہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے قومی کرکٹرز کامران اکمل اور اعزاز چیمہ نے ٹرائلز لیے۔
ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے ٹرائلز کا جائزہ لیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں پنجاب کے تمام ڈویژن کے کھلاڑی شریک ہوں گے، اور شفاف سلیکشن کے لیے تمام ڈویژن میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس چیمپئن لیگ میں مردوں کی 12 اور گرلز کی 4 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ نیشنل اور انٹرنیشنل کرکٹرز بھی اس لیگ کا حصہ بنیں گے۔
ڈی جی اسپورٹس پنجاب کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ٹرائلز کے موقع پر ڈویژنل اسپورٹس آفیسر لاہور طارق خانزادہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ندیم نعیم بھی موجود تھے۔