ارجنٹینا میں دورانِ پرواز پائلٹ کا خطرناک اقدام، طیارہ زیرِ تربیت طالبہ کے ہاتھ دے دیا

image

ارجنٹینا میں ایک حیران کن واقعے میں فلائٹ انسٹرکٹر نے دورانِ پرواز چلتے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان دے دی، تاہم ان کی زیرِ تربیت طالبہ نے شدید خوف اور صدمے کے باوجود غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارہ بحفاظت زمین پر اتار لیا۔

امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز وسطی ارجنٹینا کے شہر ٹولیڈو میں پیش آیا، جہاں 42 سالہ فلائٹ انسٹرکٹر لیاندرو آندریس برتازو ایک سیسنا 150 طیارے میں 22 سالہ طالبہ روزاریو کو پرواز کی تربیت دے رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق طالبہ روزاریو نے بتایا کہ دورانِ پرواز برتازو نے اس سے کہا، "تم جانتی ہو اب کیا کرنا ہے، پرواز جاری رکھو۔" اس کے بعد انہوں نے اپنا ہیڈسیٹ اور سیٹ بیلٹ اتار دی، طیارے کا دروازہ کھولا اور نیچے چھلانگ لگا دی۔

واقعے کے بعد برتازو کی لاش برآمد کرلی گئی، جبکہ شدید صدمے کی کیفیت کے باوجود روزاریو نے طیارے کو کامیابی اور محفوظ طریقے سے زمین پر اتار لیا۔ فلائنگ اسکول کے مطابق اس واقعے میں طیارے کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

جس فلائنگ اسکول میں برتازو خدمات انجام دے رہے تھے، اس کے ڈائریکٹر ایڈورڈو الواریز نے بتایا کہ اس افسوسناک واقعے سے قبل ایسی کوئی علامت سامنے نہیں آئی تھی جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا کہ برتازو ایسا قدم اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق اسی روز انہوں نے ایک اور طالب علم کے ساتھ بھی معمول کے مطابق تربیتی پرواز کی تھی۔

ایڈورڈو الواریز نے کہا، "انہوں نے ایک اور شخص کی موجودگی میں طیارے کے اندر یہ افسوسناک فیصلہ کیا۔ اس بات کو سمجھنا یا اس کا تصور کرنا بھی بہت مشکل ہے، لیکن انسانی ذہن انتہائی پیچیدہ ہوتا ہے۔"

انہوں نے برتازو کو یاد کرتے ہوئے کہا، "وہ بہت اچھے انسان تھے، ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے۔ ہمیں یقین نہیں آ رہا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔"

ایڈورڈو الواریز نے مزید بتایا کہ دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنا انتہائی مشکل کام ہوتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایسا ہی ہے جیسے تقریباً 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہوئی گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی جائے۔

رپورٹس کے مطابق لیاندرو آندریس برتازو ایک تجربہ کار پائلٹ تھے اور پڑوسی ملک چلی میں بھی فلائٹ انسٹرکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

ارجنٹینا کے سرکاری پراسیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ برتازو کی موت سے پہلے طیارے میں کیا کچھ پیش آیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US