دنیا کے کامیاب ترین سرمایہ کاروں میں شمار ہونے والے وارن بفٹ اپنی سادہ زندگی کے ساتھ کھانے پینے کی غیر معمولی عادات کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ حال ہی میں ان سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق وہ کئی دہائیوں سے پیاس بجھانے کے لیے پانی کے بجائے کولڈ ڈرنک پینا پسند کرتے ہیں۔
معروف امریکی سرمایہ کار بل ایک مین نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ ایک مرتبہ انہوں نے وارن بفٹ کو کھانے پر مدعو کیا اور پینے کے لیے پانی کی مختلف اقسام پیش کیں، مگر انہوں نے انکار کرتے ہوئے سافٹ ڈرنک مانگ لی۔ جب ان سے پانی نہ پینے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 48 برس سے سادہ پانی نہیں پی رہے۔
96 سالہ وارن بفٹ کا پسندیدہ مشروب چیری کوک ہے۔ برطانوی مصنف گلین آرنلڈ کی کتاب کے مطابق وہ روزانہ کوکا کولا کے تقریباً پانچ کین استعمال کرتے ہیں۔ خود بفٹ بھی 2015 میں ایک انٹرویو کے دوران بتا چکے ہیں کہ ان کی روزانہ کی غذائی کیلوریز کا تقریباً 25 فیصد حصہ اسی مشروب سے حاصل ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وارن بفٹ ابتدا میں کوکا کولا کے بجائے پیپسی کے شوقین تھے۔ تقریباً پانچ دہائیوں تک پیپسی پینے کی وجہ سے ان کے بیٹے ہاورڈ انہیں مذاق میں 'پیپسی وارن' کہا کرتے تھے۔ تاہم 1986 میں انہوں نے اپنا پسندیدہ مشروب تبدیل کرکے چیری کوک کو اپنا لیا۔
وارن بفٹ کی یہ عادت ایک بار پھر خبروں میں ہے، تاہم ماہرینِ صحت کے مطابق میٹھے مشروبات پانی کا صحت مند متبادل نہیں ہیں اور ان کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔