ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے موقع پر دنیا کے 43 ممالک میں ایک ہی دن 31 ہزار 75 اسکائی ڈائیوز کی گئیں، جس کے ساتھ ایک دن میں سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ اسکائی ڈائیوز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا۔
اس عالمی ایونٹ کا انعقاد امریکن پیراشوٹ ایسوسی ایشن ، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر کیا۔
منتظمین کے مطابق اس سال 31,075 اسکائی ڈائیوز ریکارڈ کی گئیں، جس کے ساتھ 2024 میں قائم ہونے والا 30,351 اسکائی ڈائیوز کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
ایونٹ میں ہر سطح کے اسکائی ڈائیورز نے حصہ لیا، جن میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پہلی بار ٹینڈم جمپ کرنے والے افراد بھی شامل تھے، جس نے اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اجاگر کیا۔
امریکن پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برچٹولڈ نے کہا کہ ریکارڈ اسی لیے بنتے ہیں کہ انہیں توڑا جائے، اور یہ خوشی کی بات ہے کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے ڈراپ زونز کا رخ کرکے اسکائی ڈائیونگ کے عالمی دن کو یادگار بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نیا عالمی ریکارڈ اسکائی ڈائیونگ کی مسلسل ترقی کی علامت ہے، جو نئے شوقین افراد کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان تجربہ کار اسکائی ڈائیورز کے جذبے اور عزم کا بھی اعتراف ہے جنہوں نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔