شادی میں بلانے کے لیے کوئی رشتے دار نہیں تھا، یتیم نوجوان کی ایک اپیل پر ہزاروں اجنبی مہمان بن گئے

image

چین میں ایک 24 سالہ نوجوان کی شادی کی خوشیاں اس وقت ایک غیر معمولی واقعے میں بدل گئیں جب خاندان کے افراد کی کمی پوری کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر کی گئی اس کی درخواست پر ہزاروں اجنبی لوگ تقریب میں پہنچ گئے۔ ان لوگوں نے نہ صرف شادی میں شرکت کی بلکہ اپنی مدد اور تحائف سے نوجوان کے لیے اس دن کو یادگار بھی بنا دیا۔

چینی صوبے یوننان کے شہر ژاؤٹونگ سے تعلق رکھنے والے شیاؤ شیاؤ شو کی زندگی بچپن ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ وہ صرف تین سال کے تھے جب ان کے والد انتقال کر گئے، جبکہ والدہ نے دوسری شادی کر لی۔ اس کے بعد شیاؤ اور ان کے بڑے بھائی نے ایک دوسرے کا سہارا بن کر زندگی کے مشکل حالات کا سامنا کیا۔

وقت گزرتا گیا اور شیاؤ نے محنت کرکے اپنی شادی کے لیے رقم بھی جمع کر لی، لیکن شادی قریب آنے پر انہیں ایک فکر ستانے لگی۔ ان کے پاس تقریب کے انتظامات کے لیے پیسے تو موجود تھے، مگر انہیں خدشہ تھا کہ رشتے داروں کی کمی کے باعث خوشی کے اس موقع پر مہمانوں کی کرسیاں خالی رہ جائیں گی۔

اسی پریشانی میں نوجوان نے سوشل میڈیا کا رخ کیا اور ایک ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو اپنی شادی میں شرکت کی دعوت دے دی۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی یہ چھوٹی سی درخواست اتنے بڑے ردعمل کا سبب بن جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی کہانی سامنے آتے ہی بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کی شادی میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ تقریب کے دن گاؤں میں ایسا منظر دیکھنے کو ملا جس کی شیاؤ نے شاید توقع بھی نہیں کی تھی۔ مختلف علاقوں سے اجنبی افراد ان کی خوشیوں میں شریک ہونے پہنچ گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے شادی کی تقریب مہمانوں سے بھر گئی۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ آنے والے لوگ صرف مہمان بن کر نہیں آئے بلکہ بہت سے افراد نے شادی کے انتظامات میں بھی حصہ لیا۔ کچھ باورچی اپنی خدمات پیش کرنے پہنچے تو بعض رضاکاروں نے بارات کے لیے گاڑیوں کا انتظام سنبھال لیا۔ کئی لوگوں نے گھر کی سجاوٹ میں مدد کی، جبکہ دیگر افراد کھانے پینے کا سامان، مٹھائیاں اور تحائف لے کر آئے۔

یوں جس نوجوان کو فکر تھی کہ اس کی شادی میں شرکت کرنے والا کوئی نہیں ہوگا، اس کی خوشیوں میں ایسے لوگ بھی شامل ہوگئے جن سے اس کی پہلے کبھی ملاقات تک نہیں ہوئی تھی۔

اجنبی افراد کے تعاون نے ایک عام سی شادی کو پورے گاؤں کے لیے خاص موقع بنا دیا۔ نوجوان کو نہ صرف مہمانوں کی محبت ملی بلکہ شادی کے کئی انتظامات بھی رضاکاروں کی مدد سے مکمل ہوئے۔

اس منفرد شادی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے بھی لوگوں کے اس جذبے کو خوب سراہا۔ کئی افراد نے نوجوان کی زندگی کی مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا اور شادی میں شریک ہونے والے اجنبی مہمانوں کی تعریف کی۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ انسانیت کا یہ خوبصورت منظر دیکھ کر آنکھیں نم ہوگئیں، جبکہ دیگر افراد نے نئے شادی شدہ جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شیاؤ شیاؤ شو کی شادی کی یہ کہانی اس بات کی مثال بن گئی کہ بعض اوقات زندگی کے اہم موقع پر وہ لوگ بھی خاندان جیسا سہارا بن جاتے ہیں جن سے ہمارا کوئی خونی رشتہ نہیں ہوتا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US