کینیڈا کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا میں ایک گالف کورس پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک بھالو اچانک میدان میں داخل ہوا اور گالف کارٹ سے بیگ اٹھا کر فرار ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پٹ میڈوز کے علاقے میں واقع گولڈن ایگل گالف کلب میں پیش آیا، جہاں کھلاڑی معمول کے مطابق کھیل میں مصروف تھے کہ اسی دوران ایک بھالو گالف کورس میں داخل ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھالو گالف کارٹ سے ایک بیگ اٹھاتا ہے اور اسے گھسیٹتے ہوئے کورس سے باہر لے جاتا ہے، جہاں ایک دوسرا بھالو اس کا انتظار کر رہا ہوتا ہے۔
ویڈیو کے مطابق دونوں بھالو بیگ کو کچھ دور تک لے جانے کے بعد وہیں چھوڑ دیتے ہیں اور پھر جنگل کی جانب بھاگ جاتے ہیں۔ یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں صارفین بھالو کی "انوکھی چوری" پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔