راولپنڈی گلستان کالونی نالہ لئی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے پانی میں چھلانگ لگانے والا 35 سالہ مہربان جان کی بازی ہار گیا، جبکہ کمسن محمد زاہد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق محمد زاہد اچانک نالہ لئی میں گر گیا جسے بچانے کے لیے اس کے والد مہربان نے پانی میں چھلانگ لگا دی تاہم نالے میں پانی کی زیادہ گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث دونوں ڈوب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن کے دوران مہربان کی لاش نالہ لئی سے نکال لی جبکہ محمد زاہد کی تلاش کے لیے واٹر ریسکیو ٹیمیں مسلسل آپریشن کر رہی ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی تلاش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کا سراغ نہیں مل جاتا۔