سماعت اور گویائی سے محروم محمد انس نے میٹرک میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

image

کراچی میں سماعت اور گویائی سے محروم طالب علم محمد انس نے میٹرک جنرل گروپ (خصوصی امیدوار) کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنے خاندان، اساتذہ اور علاقے کا نام روشن کردیا۔

محمد انس کی یہ کامیابی مسلسل محنت، عزم اور ہمت کی روشن مثال قرار دی جا رہی ہے۔ جسمانی معذوری کے باوجود انہوں نے ثابت کیا کہ اگر انسان میں لگن اور محنت کا جذبہ ہو تو کوئی بھی رکاوٹ کامیابی کی راہ نہیں روک سکتی۔

محمد انس کی شاندار کارکردگی پر ان کے اہلِ خانہ اور جاننے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کی کامیابی کو نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری برادری کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر محمد انس کے بارے میں کہا گیا کہ "یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ معذوری کسی بھی انسان کی صلاحیتوں یا تعلیمی کامیابی میں رکاوٹ نہیں بنتی۔" ان کی یہ کامیابی ملک بھر کے طلبہ، خصوصاً خصوصی افراد کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ مشکلات کے باوجود محنت اور ثابت قدمی سے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

انس نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود تو محنت کی ہی ساتھ ان کے اساتزہ نے بھی ان پر محنت کی جس کی وجہ سے میں آج اس نتیجے پر پہنچا ہوں۔ انس کا کہنا تھا کہ وہ فجر کی نماز پڑھنے کے بعد اپنی پڑھائی شروع کردیتے اور صبح 7 بجے اسکول کے لیے روانہ ہوجایا کرتے۔ انس نے بتایا کہ وہ اسکول کے ساتھ ٹیوشن اور مدرسہ بھی گئے اور اس میٹرک میں کامیابی حاصل کی۔

انس کے والدین کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں تھا کہ ان کا بیٹا پہلی پوزیشن حاصل کرے گا، انس نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا۔

تعلیمی حلقوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی محمد انس کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے ہمت، استقامت اور لگن کی بہترین مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، "محمد انس نے ثابت کردیا ہے کہ خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کے لیے جسمانی معذوری نہیں بلکہ مضبوط ارادے کی ضرورت ہوتی ہے۔"

محمد انس کی یہ کامیابی پاکستان بھر کے طلبہ کے لیے حوصلہ افزا مثال بن گئی ہے اور یہ پیغام دیتی ہے کہ مسلسل محنت، خود اعتمادی اور عزم کے ساتھ ہر مشکل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US