بارش کی امید میں گدھوں کو گلاب جامن کھلائے جانے لگے، بھارت سے حیران کن ویڈیوز وائرل

image

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش سے ایک غیر معمولی روایت ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی، جہاں بارش نہ ہونے پر شہریوں نے گدھوں کو گلاب جامن کھلا کر اچھی بارش کی دعا کی۔ اس منفرد منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شہر بھوپال میں کمزور مون سون اور بارش کی کمی کے باعث مقامی افراد نے ایک پرانی رسم ادا کی، جس کے تحت گدھوں کو مٹھائی کھلائی جاتی ہے۔ مقامی عقیدے کے مطابق یہ عمل بارش کے امکانات بڑھانے کی علامتی کوشش سمجھا جاتا ہے۔

وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد شہری سڑک پر جمع ہیں اور گدھوں کو گلاب جامن کھلا رہے ہیں۔ اس غیر معمولی منظر نے راہگیروں کی بھی توجہ حاصل کی، جنہوں نے موبائل فون سے ویڈیوز بنا کر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کر دیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ روایت کئی برسوں سے چلی آ رہی ہے اور عام طور پر اس وقت ادا کی جاتی ہے جب مون سون تاخیر کا شکار ہو یا مطلوبہ مقدار میں بارش نہ ہو۔ ان کے مطابق یہ ایک علامتی رسم ہے جس کا مقصد بارش کے دیوتا "بھگوان اندر" کو خوش کرنا اور اچھی بارش کی امید ظاہر کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US