کوئٹہ کے ایک رہائشی کے ہاں ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، جس کے بعد خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق نومولود بچوں میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ والدین کے ہاں پہلے سے تین بچے موجود تھے، جبکہ پانچ نئے بچوں کی پیدائش کے بعد خاندان میں بچوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔
پانچوں بچوں کی پیدائش شہر کے ایک نجی اسپتال میں ہوئی، جہاں انہیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت دس روز تک خصوصی نگہداشت میں رکھا جائے گا تاکہ ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں کی حالت اطمینان بخش ہے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔