بھارت میں بارش کیلئے عجیب و غریب روایات کا سلسلہ جاری ہے، گدھوں کو گلاب جامن کھلانے کے بعد اب ریاست آندھرا پردیش کے ایک گاؤں میں دو گدھوں کی شادی کرانے کی انوکھی رسم سامنے آگئی، جس کا مقصد موسلا دھار بارش کی دعا کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے علاقے کلیان درگ منڈل کے ایک گاؤں کرلا پلی میں مقامی افراد نے اچھی بارش کی امید کے ساتھ دو گدھوں کی شادی کروا دی۔
رپورٹس کے مطابق گاؤں میں ہونے والی اس منفرد تقریب میں دونوں گدھوں کو دلہا اور دلہن کی طرح سجایا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر ایک جلوس کی شکل میں پورے گاؤں کا چکر بھی لگوایا گیا۔
شادی کی رسم مکمل ہونے کے بعد مقامی افراد نے گدھوں کے جوڑے پر پانی ڈالا اور علاقے میں بھرپور بارش کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی اسی طرح کی ایک رسم ادا کرچکے ہیں، جس کے بعد علاقے میں اچھی بارش ہوئی تھی، اسی امید پر ایک بار پھر یہ روایت دہرائی گئی ہے۔
گاؤں والوں نے امید ظاہر کی کہ یہ رسم اس سال بھی بارش کا سبب بنے گی اور مون سون کا موسم بہتر رہے گا۔