ترکی کے 13 سالہ جڑواں بھائی، عمر فاروق اور مصطفیٰ نے ایک ساتھ مکمل قرآن پاک حفظ کر کے حافظِ قرآن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دونوں بھائیوں کی یہ کامیابی کم عمری میں محنت، لگن اور نظم و ضبط کی ایک خوبصورت مثال بن گئی ہے۔
دونوں نے پانچویں جماعت میں داخلہ امتحان کامیابی سے پاس کرنے کے بعد قرآن حفظ کرنے کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے تقریباً 18 ماہ کی مسلسل محنت کے بعد چھٹی جماعت کے اختتام تک حفظِ قرآن مکمل کرلیا۔
حفظ کے دوران ان کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر نہیں ہوئیں۔ خصوصی نظام کے تحت دونوں بھائی شام کے اوقات اور فارغ وقت میں قرآن حفظ کرتے رہے، جبکہ اسکول کی باقاعدہ تعلیم پر بھی پوری توجہ دی، تاکہ ساتویں اور آٹھویں جماعت کی پڑھائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
ان کے استاد گوکمین کے مطابق عمر فاروق اور مصطفیٰ نے پورے سفر کے دوران غیر معمولی محنت، مضبوط عزم اور بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی ایک دوسرے کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے رہے اور مثبت مقابلے کے جذبے نے انہیں کامیابی تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔