دبئی حکومت نے سیاحت کو دوبارہ فروغ دینے کے لیے ایک نئی ترغیبی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ایسے رہائشیوں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی جو اپنے دوستوں یا رشتہ داروں کو دبئی آنے کی دعوت دیں گے۔ اس اقدام کا مقصد حالیہ مہینوں میں متاثر ہونے والے سیاحتی شعبے کو دوبارہ متحرک کرنا ہے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق، "اے دبئی انوائٹ" نامی پروگرام کے ذریعے شہریوں اور رہائشیوں کو شہر کا سفیر بننے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 20 جولائی سے 31 اکتوبر کے درمیان اپنے عزیزوں کو دبئی بلانے والے افراد 3 ہزار درہم سے زائد مالیت کی مختلف سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان میں ہوٹل میں قیام، کھانے پینے کی رعایتیں، تفریحی مقامات کے ٹکٹ اور دیگر خصوصی آفرز شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے باعث دبئی کے سیاحتی شعبے کو شدید نقصان پہنچا۔ کئی معروف ہوٹل بھی متاثر ہوئے، جس کے باعث مصروف سیاحتی سیزن میں بڑی تعداد میں سیاحوں نے اپنے دورے منسوخ کر دیے یا شہر چھوڑ دیا۔
اگرچہ آٹھ اپریل کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سیاحوں کی آمد میں کچھ بہتری دیکھی گئی ہے، تاہم بیشتر ہوٹل اب بھی غیر ملکی سیاحوں کے بجائے مقامی مہمانوں پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔
اسی صورتحال کے پیشِ نظر دبئی حکومت نے پہلے بھی 40 کروڑ ڈالر سے زائد کا اقتصادی امدادی پیکج منظور کیا تھا، تاکہ جنگ کے بعد متاثر ہونے والے کاروباروں کو سہارا دیا جا سکے، خصوصاً ان اداروں کو جو آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی تجارتی مشکلات سے بھی متاثر ہوئے تھے۔ یہ نئی مہم بھی اسی سلسلے کی ایک کوشش سمجھی جا رہی ہے، جس کا مقصد سیاحت اور مقامی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا ہے۔