جنوبی کوریا کے ایک معروف ریسٹورنٹ کے مالک کو کھانوں کی سجاوٹ کے لیے چیونٹیوں کے استعمال پر جیل اور جرمانے کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسٹورنٹ میں مختلف ڈشز کی اوپری سجاوٹ کے لیے چیونٹیاں استعمال کی جاتی تھیں حالانکہ جنوبی کوریا کے قوانین کے تحت چیونٹیاں انسانی خوراک کے طور پر منظور شدہ نہیں ہیں۔
حکام نے غذائی صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا ہے جبکہ استغاثہ نے عدالت سے ریسٹورنٹ کے مالک کو ایک سال قید اور 13 ہزار 510 ڈالر جرمانے کی سزا دینے کی درخواست کی ہے۔
ریسٹورنٹ کے مالک نے عدالت میں اعتراف کیا کہ چیونٹیاں محدود پیمانے پر صرف گارنش کے طور پر استعمال کی گئیں اور صارفین کو اس بارے میں آگاہ بھی کیا جاتا تھا۔ تفتیش کے مطابق گزشتہ چار برسوں میں امریکا اور تھائی لینڈ سے درآمد کی گئی تقریباً 49 ہزار چیونٹیاں مختلف پکوانوں میں استعمال کی گئیں جبکہ عدالت اس مقدمے کا فیصلہ 2 ستمبر کو سنائے گی۔