موسمیاتی تبدیلی اور دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی شدید گرمی کے پیشِ نظر جاپان نے ایک جدید کولنگ سسٹم "ہیومن فریج" متعارف کرا دیا ہے جو چند ہی منٹ میں انسانی جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جاپانی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ اس جدید یونٹ میں طاقتور ٹھنڈی ہوا کے ذریعے پورے جسم کو تیزی سے ٹھنڈک پہنچائی جاتی ہے۔ کمپنی کے مطابق صرف 10 منٹ تک اس میں رہنے سے جسم کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی محسوس کی جا سکتی ہے جس سے شدید گرمی اور ہیٹ ایگزاسشن کے خطرات کم ہوتے ہیں۔
اس نظام میں اندرونی درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے، جبکہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی ٹھنڈی ہوا براہِ راست سر، گردن، کندھوں اور کمر پر ڈالی جاتی ہے۔ صارف کی حفاظت کے لیے اس میں خودکار نظام بھی نصب ہے، جو 20 منٹ بعد یونٹ کو خود بخود بند کر دیتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا کولنگ سسٹم ہے، جو پورے جسم کو بیک وقت ٹھنڈا کرتا ہے۔ اس کی قیمت تقریباً 15 لاکھ جاپانی ین (10 ہزار امریکی ڈالر سے زائد) رکھی گئی ہے۔