عمر قید کے دو قیدی محبت میں گرفتار، جیل کے اندر ہی شادی رچا لی

image

بھارتی ریاست راجستھان کی ایک جیل میں عمر قید کی سزا پانے والے مرد اور خاتون قیدی نے جیل کے اندر ہی شادی کر کے سب کو حیران کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جودھپور سینٹرل جیل میں قید مولا رام اور سیما ایک دوسرے کے قریب آئے اور وقت کے ساتھ ان کے درمیان تعلق محبت میں بدل گیا۔ دونوں نے زندگی ایک ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد جیل میں ہی ان کی شادی کی تیاریاں شروع کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق جیل کے اندر شادی کرانے سے قبل راجستھان ہائی کورٹ سے باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی۔ عدالت کی منظوری کے بعد جیل انتظامیہ نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے، جبکہ شادی کی تقریب میں جیل حکام، پولیس اہلکاروں اور دونوں قیدیوں کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

جیل کے احاطے میں قائم ایک مخصوص مقام پر روایتی ہندو رسومات کے مطابق دونوں کی شادی کرائی گئی اور اس موقع پر تمام ضروری مذہبی اور قانونی مراحل مکمل کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مولا رام زمین کے تنازع پر ایک شخص کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے جبکہ سیما اپنے شوہر کے قتل کے مقدمے میں سزا یافتہ ہیں۔ دونوں کی جیل میں ہونے والی یہ شادی اب بھارتی سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US