20 سال تک بیوی سے بات نہ کرنے والے جاپانی شوہر کی حیران کن کہانی

image

جاپان سے ایک ایسا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جس نے دنیا بھر کے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا، جہاں ایک شخص نے اپنی اہلیہ سے تقریباً 20 سال تک باقاعدہ بات نہیں کی، حالانکہ دونوں ایک ہی گھر میں رہتے رہے اور اپنے تین بچوں کی مشترکہ پرورش بھی کرتے رہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جاپان کے جزیرے ہوکائیڈو سے تعلق رکھنے والے خاندان کا ہے۔ سن 2017 میں اس خاندان کے 18 سالہ بیٹے نے ایک ٹی وی پروگرام سے رابطہ کرکے والدین کے درمیان برسوں سے جاری خاموشی ختم کروانے کے لیے مدد طلب کی۔

نوجوان نے پروگرام میں بتایا کہ اس کے والدین تقریباً دو دہائیوں سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں، لیکن اس نے کبھی انہیں ایک دوسرے سے عام میاں بیوی کی طرح گفتگو کرتے نہیں دیکھا۔

رپورٹس کے مطابق اوکو کاتایاما نامی شخص اپنی اہلیہ یومی کے ساتھ 20 سال تک ایک ہی گھر میں رہا۔ دونوں ایک ساتھ کھانا کھاتے، گھر کے کام کرتے اور اپنے تین بچوں کی پرورش بھی کرتے رہے، مگر ان کے درمیان شاذ و نادر ہی کوئی بامعنی گفتگو ہوتی تھی۔

حیران کن طور پر اس خاموشی کی وجہ نہ تو کوئی جھگڑا تھا اور نہ ہی بے وفائی کا معاملہ۔ اوکو کاتایاما نے بعد میں بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کی بچوں پر زیادہ توجہ دینے کی وجہ سے حسد محسوس کرتا تھا، اسی احساس کے باعث اس نے آہستہ آہستہ اس سے بات کرنا چھوڑ دیا۔

اہل خانہ کے مطابق جب بھی یومی اپنے شوہر سے بات کرنے کی کوشش کرتی تو وہ صرف سر ہلا کر جواب دے دیتا یا مختصر سا جواب دیتا، جس کی وجہ سے برسوں تک دونوں کے درمیان معمول کی گفتگو بھی نہ ہو سکی۔

صورت حال سے پریشان ہو کر سب سے چھوٹے بیٹے نے ٹی وی پروگرام کی مدد لی۔ پروگرام کی انتظامیہ نے اس جوڑے کی ملاقات اسی پارک میں کروانے کا انتظام کیا جہاں شادی سے پہلے وہ پہلی بار ملے تھے، جبکہ ان کے تینوں بچے کچھ فاصلے پر کھڑے ہو کر یہ منظر دیکھتے رہے۔

پارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران اوکو کاتایاما نے بالآخر برسوں کی خاموشی توڑ دی۔ اس نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ ہماری بات چیت ہوئے بہت عرصہ گزر چکا ہے، تم بچوں کے لیے بہت فکر مند رہتی تھیں، تم نے بہت مشکلات برداشت کیں اور میں ہر چیز کے لیے تمہارا شکر گزار ہوں۔

اوکو کاتایاما نے مزید اعتراف کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کو بچوں کی غیر معمولی فکر کرتے دیکھ کر حسد محسوس کرتا تھا، تاہم اب وہ ماضی کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ رپورٹس کے مطابق اس گفتگو کے بعد خاندان کے افراد جذباتی ہو گئے اور برسوں بعد میاں بیوی کے درمیان دوبارہ بات چیت کا آغاز ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US