بھارت کے شہر کانپور میں شادی کی ایک تقریب اس وقت ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی جب ایک خاتون نے پنڈال میں پہنچ کر دعویٰ کیا کہ دولہا اس کا قانونی شوہر ہے اور طلاق لیے بغیر دوسری شادی کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اسٹیج پر پہنچ گئی، جہاں اس نے دلہن کا سامنا کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دولہا اس سے ازدواجی تعلق ختم کیے بغیر نئی شادی کر رہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور تمام متعلقہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے اپنے ساتھ لے گئی۔
رپورٹس کے مطابق سہانا اور آصف کی پہلی ملاقات فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے 2022 میں خاندانوں کی رضامندی سے محبت کی شادی کی تھی۔
تاہم 2024 میں دونوں کے درمیان ازدواجی اختلافات پیدا ہوئے، جو بعد ازاں قانونی تنازع کی صورت اختیار کر گئے۔ سہانا نے آصف کے خلاف مقدمہ درج کرا رکھا ہے اور عدالت سے ازدواجی حقوق کی بحالی کی درخواست بھی کر رکھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ تاحال زیر سماعت ہے، جبکہ خاتون کا کہنا ہے کہ اسے ایک پڑوسی کے ذریعے اطلاع ملی کہ آصف چکری میں دوسری شادی کرنے جا رہا ہے، جس پر وہ شادی کی تقریب میں پہنچ گئی۔