جیل سے بچنے کے لیے شہری نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا دیا

image

چین کے صوبہ ہونان میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے مقدمے سے بچنے کے لیے ایک شخص نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا دیا، تاہم پولیس نے حیران کن منصوبہ بے نقاب کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق 'سی' نامی شخص اس سے قبل بھی دو مرتبہ بغیر لائسنس نشے کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا جا چکا تھا۔ تیسری بار گرفتاری کے بعد جیل جانے کے خوف سے اس نے اپنے اہل خانہ کی مدد سے جعلی موت اور جنازے کا منصوبہ بنایا۔

منصوبے کے تحت گھر میں ادویات کی خالی بوتلیں بکھیر دی گئیں، تابوت پہلے ہی خرید لیا گیا اور اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ ادویات کی زیادتی سے اس کی موت ہوگئی ہے۔ بعد ازاں اسے جلد بازی میں دفنانے کا ڈرامہ رچایا گیا جبکہ وہ خفیہ طور پر دوسرے صوبے فرار ہوگیا۔

پولیس کو تابوت پہلے سے خریدے جانے، ایمبولینس اور پولیس کو اطلاع نہ دینے، ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور سرکاری ریکارڈ نہ ہونے پر شبہ ہوا۔ سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج اور پڑوسیوں کی معلومات سے تصدیق ہوئی کہ مذکورہ شخص زندہ ہے۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ عدالت نے اسے 5 ماہ قید اور 20 ہزار یوآن جرمانے کی سزا سنائی۔ ملزم کو چھپانے اور حقائق پوشیدہ رکھنے کے الزام میں اس کی والدہ اور دادی کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US