گرین لینڈ کے مشہور ایلولیساٹ آئس فیورڈ میں ایک دیوہیکل برفانی تودہ اچانک سمندر میں گرنے سے خوفناک منظر دیکھنے میں آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جولائی میں گرین لینڈ کے علاقے اواناٹا میں پیش آیا، جہاں موجود سیاحوں اور مقامی افراد نے برفانی تودے کے ٹوٹنے، الٹنے اور سمندر میں گرنے کے حیرت انگیز مناظر اپنے کیمروں میں محفوظ کر لیے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برفانی تودہ پانی میں گرتے ہی سمندر میں شدید ارتعاش پیدا ہوا اور ایک بڑی لہر تیزی سے قریب موجود کشتی کی جانب بڑھنے لگی۔ کشتی میں سوار افراد نے فوری طور پر محفوظ فاصلے پر جانے کی کوشش کی، جبکہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
چند روز بعد اسی علاقے سے ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں ایک دیو ہیکل آئس برگ اچانک الٹ جاتا ہے اور اپنا نچلا حصہ نمایاں کر دیتا ہے۔ اس منظر کے دوران سمندر میں زبردست لہریں اٹھیں اور چاروں طرف دھند چھا گئی، جس نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔
ایلولیساٹ آئس فیورڈ گرین لینڈ کے مغربی ساحل پر واقع ہے اور اسے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا جا چکا ہے۔ یہ مقام دنیا کے تیز ترین گلیشیئرز میں شمار ہونے والے سرمق کجالیک سے منسلک ہے، جہاں ہر سال کروڑوں ٹن برف سمندر میں گرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق برفانی تودوں کا ٹوٹنا اور الٹ جانا ایک قدرتی عمل ہے، تاہم جب بہت بڑے آئس برگ اچانک سمندر میں گرتے ہیں تو ان سے پیدا ہونے والی طاقتور لہریں قریبی کشتیوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ اسی لیے سیاحتی کشتیوں کو گلیشیئرز اور بڑے برفانی تودوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔