دنیا کا مہنگا ترین آم، ایک کلو کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد

image

دنیا بھر میں پسند کیے جانے والے پھلوں کے بادشاہ آم کی ایک خاص قسم نے قیمت کے لحاظ سے سب کو حیران کر دیا ہے جس کی فی کلو قیمت 6 لاکھ روپے سے بھی زیادہ ہے۔

عام طور پر آم کی قیمت 400 سے 500 روپے فی کلو کے درمیان ہوتی ہے تاہم جاپانی نسل کے مشہور میازاکی آم کی قیمت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 لاکھ 12 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

بھارتی کاشتکار سندیپ چوہدری نے میازاکی آم کی کاشت کی جسے سورت کے ایک تاجر پروین گپتا نے 2 لاکھ 11 ہزار بھارتی روپے فی کلو میں خریدا جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ایک کلو میں اس خاص آم کے چار دانے شامل تھے۔

کاشتکار سندیپ چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ اس فروخت پر بہت خوش ہیں، جبکہ خریدار گزشتہ سال سے ان کے ساتھ رابطے میں تھے۔

میازاکی آم کو خوبصورتی اور منفرد ذائقے کی وجہ سے خاص مقام حاصل ہے۔ اسے بعض اوقات "سورج کا انڈہ" بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس میں عام آموں کے مقابلے میں وٹامن اے، وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

یہ نایاب آم اپنی منفرد خصوصیات اور محدود پیداوار کے باعث دنیا کے مہنگے ترین پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US