امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر نیو پورٹ بیچ کے ساحل پر ایک کم عمر وائٹ شارک کی حیران کن چھلانگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے پیش آیا، جب سورین اسٹیونسن اپنے بھائی کی بوگی بورڈنگ کی ویڈیو بنا رہے تھے۔ اسی دوران تقریباً 6 فٹ لمبی گریٹ وائٹ شارک بوگی بورڈر کے انتہائی قریب پانی سے بلند چھلانگ لگاتی ہوئی کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شارک پانی سے باہر آتی ہے، ہوا میں گھومتی ہے اور دوبارہ سمندر میں واپس چلی جاتی ہے، جبکہ بوگی بورڈر اس خطرناک مگر حیران کن منظر سے مکمل طور پر بے خبر رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں رواں سال کم عمر گریٹ وائٹ شارکس کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سمندری درجہ حرارت میں اضافے اور موسمی تبدیلیوں کے باعث یہ شارکس ساحلی علاقوں کا رخ کر رہی ہیں۔
سمندری حیاتیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم پانی کم عمر شارکس کے لیے بہتر ماحول فراہم کرتا ہے، جہاں انہیں خوراک کے لیے اسٹنگ ریز، ہیلی بٹ اور دیگر سمندری جاندار آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں۔
ماہرین نے واضح کیا کہ کم عمر گریٹ وائٹ شارکس کا پانی سے باہر اچھلنا ایک قدرتی رویہ ہے اور اسے عام طور پر انسانوں پر حملے کی علامت نہیں سمجھا جاتا۔