چین میں ایک والد کی جانب سے کم عمر بیٹی کی جنک فوڈ کھانے کی عادت چھڑانے کے لیے اپنایا گیا منفرد طریقہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق والد اپنی بیٹی کو کئی بار جنک فوڈ سے منع کر چکے تھے، لیکن بچی اپنی پسندیدہ اشیا کھانے سے باز نہیں آ رہی تھی۔ اس پر والد نے ایک جعلی الٹراساؤنڈ ویڈیو تیار کی جس میں یہ تاثر دیا گیا کہ جنک فوڈ کھانے کی وجہ سے اس کے پیٹ میں ایک کیڑا پیدا ہوگیا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جیسے ہی آئس کریم یا دیگر جنک فوڈ پیٹ میں جاتا ہے وہ کیڑا اسے کھا کر مزید بڑا ہوتا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ویڈیو کے بعد بچی نے مبینہ طور پر جنک فوڈ کھانا چھوڑ دیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے۔ بعض افراد نے والد کے طریقے کو منفرد اور مؤثر قرار دیا جبکہ دیگر نے رائے دی کہ بچوں کو ڈرانے کے بجائے انہیں صحت مند غذا کی اہمیت مثبت انداز میں سمجھانی چاہیے۔