اقرا عزیز نے پہلی بار بیٹی صوفیہ حسین کی جھلک مداحوں کو دکھا دی

image

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اقرا عزیز نے پہلی مرتبہ اپنی نومولود بیٹی صوفیہ حسین کا چہرہ مداحوں کے سامنے پیش کر دیا۔ اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بیٹے کبیر حسین اور بیٹی صوفیہ حسین کی ایک خوبصورت فوٹو شوٹ شیئر کی، جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

تصاویر میں دونوں بہن بھائی سفید لباس میں ملبوس دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ پہلی بار صوفیہ حسین کا چہرہ واضح طور پر نظر آیا۔ تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے ننھی صوفیہ کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شکل اپنی والدہ اقرا عزیز سے کافی مشابہت رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ اقرا عزیز اور اداکار و ہدایت کار یاسر حسین رواں سال جنوری میں دوسری بار والدین بنے تھے۔ اداکارہ نے 27 جنوری کو سوشل میڈیا کے ذریعے بیٹی کی پیدائش کی خوشخبری سنائی تھی اور بتایا تھا کہ 24 جنوری کو اللہ تعالیٰ نے انہیں بیٹی کی نعمت سے نوازا، تاہم اس وقت انہوں نے بیٹی کی تصویر شیئر نہیں کی تھی۔

اقرا عزیز کی جانب سے شیئر کی گئی نئی تصاویر پر مداحوں کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات بھی محبت بھرے تبصرے کر رہی ہیں، جبکہ یہ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US