سری لنکا نے پاکستان خواتین ٹیم کو دوسرے ٹی 20 میں بھی ہرا دیا، سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی

image

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں میزبان ٹیم نے دوسرے میچ میں انہیں چھ وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

اس سے قبل پاکستان خواتین ٹیم ون ڈے سیریز بھی ہار چکی ہے، جو 21 سالوں میں پہلا موقع ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف کوئی دو طرفہ ون ڈے سیریز ہاری ہوں۔

دمبولا میں اتوار کے روز کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ اوپنرز شوال ذوالفقار (48) اور منیبہ علی (45) کے بعد ایمل فاطمہ کے ناٹ آؤٹ 30 رنز کی بدولت ٹیم نے بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر ایک بہترین ہدف قائم کیا۔

جواب میں سری لنکا کی خواتین ٹیم نے یہ ہدف 17.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی فتح میں سنجانا کویندی کی 46، کپتان چماری اٹاپتھو کی 40 اور ہرشیتا سماراوکرا کی ناٹ آؤٹ 37 رنز کی اہم اننگز شامل تھیں۔ پاکستان کی اننگز کے دوران چامودی پرابودا نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کپتان منیبہ علی کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کے بعد منیبہ اور شوال ذوالفقار نے پاکستان کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں اوپنرز نے 9.5 اوورز میں 90 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔

پاور پلے کے دوران پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 68 رنز تیزی سے بنائے اور دونوں اوپنرز نے باقاعدگی سے باؤنڈریز لگائیں۔ منیبہ نے 30 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا، جبکہ شوال 35 گیندوں پر اٹھ چوکے لگا کر 48 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں۔

سری لنکا نے دونوں اوپنرز کو جلد ہی آؤٹ کر دیا، لیکن اس کے باوجود پاکستان نے رن ریٹ کو برقرار رکھا۔ ایمان نصیر نے 21 گیندوں پر 21 رنز کا حصہ ڈالا جبکہ سائرہ جبین نے 9 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ آخر میں ایمل فاطمہ نے صرف 19 گیندوں پر 30 رنز کی ناٹ آؤٹ جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔

176 رنز کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے، پاکستان نے ابتدائی کامیابی اس وقت حاصل کی جب وحیدہ اختر نے دوسرے ہی اوور میں پچھلے میچ کی سنچری میکر امیشا دولانی کو صرف 5 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

تاہم، سری لنکن کپتان چماری اٹاپتھو نے 15 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جواب حملہ کیا۔ جبکہ اپنا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے والی سنجانا کویندی نے 24 گیندوں پر 46 رنز بنائے اور ہرشیتا سماراوکرا 22 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US