آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2027 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کے لیے شائقین کا جوش عروج پر پہنچ گیا، میچ کے ٹکٹوں کے لیے اب تک تقریباً 84 لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
دونوں ٹیمیں 10 اکتوبر 2027 کو جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے وانڈرز اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اسی اسٹیڈیم میں شیڈول فائنل کے ٹکٹوں کے لیے بھی تقریباً 80 لاکھ درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے لیے 193 ممالک سے تقریباً 30 لاکھ شائقین نے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی میں حصہ لیا، جبکہ مجموعی طور پر 12 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ ٹکٹوں کے لیے درخواستوں کا عمل 21 نومبر تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ 14 ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔