عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کی متوقع شادی ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق دونوں رواں ماہ 8 اگست کو پرتگال کے خوبصورت جزیرے ماڈیرا میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں، تاہم اب تک اس حوالے سے دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماڈیرا وہی مقام ہے جہاں رونالڈو کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے اپنے بچپن کے ابتدائی سال گزارے۔ اطلاعات ہیں کہ شادی کی تقریب فنچل کیتھیڈرل میں منعقد ہوگی، جبکہ اس کے بعد مہمانوں کے اعزاز میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں خصوصی استقبالیہ رکھا جائے گا۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تیاریوں کے باعث لگژری ہوٹل کے دو فلورز اور متعدد بارز کو دو روز کے لیے بند رکھا جائے گا۔ غیر معمولی انتظامات نے ان خبروں کو مزید تقویت دی ہے کہ یہ تقریب رونالڈو اور جارجینا کی شادی سے متعلق ہو سکتی ہے، اگرچہ اس کی سرکاری تصدیق ابھی باقی ہے۔
رونالڈو اور جارجینا کی پہلی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کا تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا گیا۔ اگست 2025 میں دونوں نے منگنی کی، جبکہ آج وہ پانچ بچوں کی پرورش کر رہے ہیں۔ رونالڈو اس سے قبل یہ بھی بتا چکے ہیں کہ جارجینا کو شادی کی پیشکش کرنے کے فیصلے میں ان کی بڑی بیٹی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔