چوری شدہ گاڑی کے ای چالان موصول ہونے پر مدعی کا پولیس سے رابطہ، گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والا تھانیدار پکڑا گیا۔
چوری شدہ گاڑی کی نمبر پلیٹ لگا کر کار استعمال کرنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ سب انسپکٹر وقار اعوان کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے قبضہ سے برآمدہونے والی کار پولیس نے 550 کے تحت بند کردی۔
سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر آرٹلری میدان پولیس نے وقار اعوان کو وائی ایم سی اے گراؤنڈ کے قریب سے حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے حوالے کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ کار کے مالک (مقدمہ مدعی) کو بھی تھانے طلب کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار اعوان کے قبضہ سے برآمد ہونے والی کار چوری کی نہیں بلکہ نان کسٹم پیڈ ہے جو وہ ایک سال سے چلا رہا تھا تاہم تھانیدار نے جو فرضی نمبر پلیٹ اپنی گاڑی پر لگائی تھی، اتفاق سے اسی نمبر کی گاڑی کچھ عرصہ قبل چوری ہوئی اور مقدمہ اندراج کے بعد پولیس اس گاڑی کی تلاش میں مصروف تھی کہ مذکورہ گاڑی کو سیف سٹی کیمروں نے آخرکار ڈھونڈ ہی نکالا۔
مذکورہ واقعہ نے پولیس سسٹم پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں، واقعے کے بعد عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور محکمے میں موجود دیگر کالی بھیڑوں کے خلاف بھی بلا تفریق اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔