ایشین گیمز 2026 کے انعقاد میں محض 45 دن باقی رہ جانے کے باوجود پاکستان میں قومی ٹریننگ کیمپس کا آغاز تاحال نہ ہوسکا، جس پر قومی ایتھلیٹس شدید تشویش اور پریشانی کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق اتنے بڑے بین الاقوامی ایونٹ سے قبل پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ناقص تیاریوں اور عدم توجہی پر قومی کھلاڑیوں نے سخت ناخوشی کا اظہار کیا ہے۔
قومی ایتھلیٹس کا مؤقف ہے کہ ایشین گیمز جیسے اہم اور عالمی سطح کے ایونٹ کی تیاری کے لیے دیگر ممالک سالہا سال پہلے سے منصوبہ بندی اور مشقیں شروع کردیتے ہیں، جبکہ پاکستان میں وقت تیزی سے گزرنے کے باوجود کیمپس کا کچھ پتا نہیں ہے۔ بروقت ٹریننگ اور طویل المدتی حکمت عملی کے بغیر بہتر نتائج کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے؟
کھلاڑیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر تاخیر کا یہی سلسلہ برقرار رہا تو ایشین گیمز میں پاکستان کی کارکردگی شدید متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر ٹریننگ کیمپس کا انعقاد کیا جائے اور تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے۔