پاک کوریا ہاکی سیریز کا پاکستان کے کلین سویپ پر اختتام، مہمان ٹیم کھانوں اور ثقافت کی مداح

image

پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ہاکی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری میچ 4-3 سے جیت لیا اور سیریز 3-0 سے اپنے نام کرتے ہوئے کلین سویپ مکمل کیا۔

اسلام آباد کے نصیربندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلی گئی سیریز کے تینوں مقابلوں میں قومی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، جس پر شائقین ہاکی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے تاکہ ملکی کھیل کو فروغ مل سکے۔

میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے کھیل کو سراہا، جبکہ جنوبی کوریا کی ٹیم نے پاکستان میں شاندار انتظامات اور پرتپاک مہمان نوازی پر میزبانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

کورین ٹیم کے ساتھ آئے ہوئے شائقین نے بھی پاکستان کے بارے میں اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نہایت محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے رہن سہن، ثقافت اور کھانوں کی تعریف کی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

شائقین کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی سیریز نہ صرف پاکستان میں ہاکی کی بحالی کے لیے اہم ہیں بلکہ دنیا بھر میں ملک کا مثبت اور پرامن تشخص بھی اجاگر کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US