ویزا درخواست میں غلط معلومات، پی سی بی نے حمزہ نذر پر دو سال کی پابندی عائد کر دی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر ویزا درخواست میں غلط اور نامکمل معلومات فراہم کرنے کے الزام میں دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ پی سی بی نے کرکٹر پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر آئندہ دو سال تک کسی بھی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے کرکٹر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا۔

پی سی بی نے بتایا کہ کمیٹی نے شواہد اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد سفارشات پیش کیں، جن کی روشنی میں دو سالہ پابندی اور جرمانے کی منظوری دی گئی۔

بورڈ نے واضح کیا کہ غلط بیانی، حقائق چھپانا اور غلط معلومات فراہم کرنا ناقابل قبول ہے اور پاکستان کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US