پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل چیمپئنز کپ کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا۔
سات لسٹ اے میچز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک جاری رہے گا، جس کے تمام میچز کا آغاز دوپہر تین بجے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں ذمہ داریاں نبھانے کے لیے دو میچ ریفریز اور آٹھ امپائرز پر مشتمل پینل تشکیل دیا گیا ہے۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کا حصہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر علی نقوی کے ساتھ کامران چوہدری ٹورنامنٹ میں بطور میچ ریفری فرائض سرانجام دیں گے۔
میدان میں امپائرنگ کے لیے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائرز آصف یعقوب، فیصل آفریدی، ناصر حسین اور راشد ریاض وقار شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پی سی بی انٹرنیشنل پینل کے عبدالمقیت، سید امتیاز اقبال، طارق رشید اور ذوالفقار جان بھی میچ آفیشلز پینل کا حصہ ہوں گے۔