انڈر 19 کھلاڑیوں کی تربیت: ملتان کیمپ میں فیلڈنگ اور تکنیکی مہارتوں پر خصوصی توجہ

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام ملتان میں انڈر 19 اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جہاں ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ ہیڈ کوچ شاہد انور کی زیرِ نگرانی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں کھلاڑیوں کی فنی اور جسمانی مہارتوں میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے ایک خصوصی فیلڈنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت فیلڈنگ کوچ ہمایوں فرحت نے کی۔ اس سیشن میں نوجوان کرکٹرز کو جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق فیلڈنگ کی مشقیں کروائی گئیں۔ فیلڈنگ سیشن کے دوران خصوصاً کیچنگ، گراؤنڈ فیلڈنگ اور درست سمت میں تھروئنگ پر تکنیکی بنیادوں پر کام کیا گیا تاکہ کھلاڑی میدان میں اپنی کارکردگی اور چستی کا معیار مزید بہتر بنا سکیں۔

تربیتی کیمپ کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار کوچز کی ہدایت کاری میں کھیل کے مختلف شعبوں بالخصوص فیلڈنگ، بیٹنگ اور باؤلنگ کی بنیادی تکنیکوں پر عبور حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کی نمائندگی کے لیے خود کو تیار کرسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US