پاکستان کے نامور اتھلیٹ ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی کے دو سال مکمل ہونے پر ان کی زندگی اور کامیابیوں پر لکھی گئی پہلی کتاب مارکیٹ میں آنے کے لیے تیار ہے۔
اسپورٹس جرنلسٹ شہباز علی کی تحریر کردہ اس کتاب کا عنوان ”خواب سے حقیقت تک“ رکھا گیا ہے، جس میں ارشد ندیم کے اسپورٹس کیریئر کے اتار چڑھاؤ، ان کے ابتدائی اساتذہ اور کوچز کے تاثرات کو تفصیل سے شامل کیا گیا ہے۔
کتاب میں ارشد ندیم کے کیریئر کے حوالے سے کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں فیاض بخاری، ڈاکٹر اسد عباس شاہ اور ٹریسیس لیبن برگ کے تاثرات اور اہم معلومات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹوکیو اولمپکس میں میڈل حاصل نہ کر پانے کی وجوہات، ارشد ندیم کو درپیش انجریز، ان کے علاج کے طریقہ کار اور اس دوران استعمال کی جانے والی ادویات پر سے بھی پردہ اٹھایا گیا ہے۔ کتاب میں پیرس اولمپکس کے بعد سے لے کر ورلڈ اتھلیٹکس ٹوکیو تک کے تمام حالات و واقعات کو قلمبند کیا گیا ہے۔
اس تصنیف میں ایشین اتھلیٹکس کے سربراہ جنرل دہلان، مختلف کھیلوں کے سپر اسٹارز اور سینئر اسپورٹس جرنلسٹس کے تاثرات بھی شامل ہیں، جبکہ ارشد ندیم کے پورے اسپورٹس سفر کی نایاب تصاویر کو بھی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ مصنف نے اس کتاب کا انتساب معرکہ حق میں بھارت کو شکست دینے پر فیلڈ مارشل اور افواج پاکستان کے نام کیا ہے۔