ملتان میں شدید گرمی، حبس اور چیمپئنز کپ: کپتانوں کے تحفظات اور ٹائمنگ پر سوالات

image

منگل سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک چیمپئنز کپ ون ڈے کپ کے آغاز سے قبل ہی، ایونٹ میں شریک چاروں ٹیموں کے کپتانوں نے شہر کی شدید گرمی اور حبس کی شکایت کی ہے۔

پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب اور فہیم اشرف نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ملتان میں شدید گرمی اور حبس ہے جو کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا امتحان ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک سیزن کے آغاز پر چیمپئنز کپ ون ڈے ایونٹ کا انعقاد کر رہا ہے، اور بورڈ کا مؤقف ہے کہ اس سے اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط اسکواڈ اور بیک اپ کھلاڑی تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

تاہم متعدد سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں نے ورلڈ کپ میں ابھی ایک سال سے زائد کا وقت باقی ہونے کے پیش نظر اس ایونٹ کے وقت (ٹائمنگ) پر تنقید کرتے ہوئے اس کے مقصد پر سوالات اٹھائے ہیں۔

سابق ٹیسٹ بولر جلال الدین نے کہا: "عمومی طور پر پہلے تمام ریجنل اور ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کا قومی ون ڈے چیمپئن شپ کا انعقاد ہوتا ہے، اور پھر اس قومی ایونٹ کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے یہ چار ٹیموں کا ایونٹ کرایا جاتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا: "لیکن یہاں معاملہ بالکل الٹ ہے۔" چیمپئنز کپ کے شیڈول کی وجہ سے اس دورانیے میں غیر ملکی ٹی 20 لیگز میں کچھ کھلاڑیوں کے معاہدے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی اور دیگر تمام کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ موسم ایک امتحان ثابت ہوگا، تاہم امید ہے کہ کھلاڑی بغیر کسی انجری کے ٹورنامنٹ مکمل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

صائم ایوب نے کہاکہ "بطور پیشہ ور کھلاڑی ہم ناگزیر حالات (موسم) کو کنٹرول نہیں کرسکتے، اس لیے ہم گرمی کے باوجود اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔"

فہیم اشرف نے کہاکہ "بطور پرو فیشنلز ہم سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ ہم مختلف موسمی حالات کے مطابق خود کو ڈھالیں، لہٰذا ہمیں یہاں بھی یہی کرنا پڑے گا۔"

شاہین نے امید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ سے سلیکٹرز اور انتظامیہ کو ان کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی جنہیں ورلڈ کپ کے لیے بطور بیک اپ تیار کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ"ہر ورلڈ کپ سے پہلے ہمیں ہمیشہ انجریز کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے میرے خیال میں اس ایونٹ سے ہمیں ان کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملنی چاہیے جنہیں ضرورت پڑنے پر قومی ٹیم میں متبادل کے طور پر تیار کیا جاسکے۔"

بورڈ کی جانب سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے تاخیر کا شکار ہونے اور اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں کپتانی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شاہین نے کہا کہ انہیں کنٹریکٹس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے، لیکن جہاں تک کپتانی کا تعلق ہے تو اب تک کی اطلاعات کے مطابق وہی کپتان ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US